لاہور (بیورو رپورٹ، صورتِ حال، DESK) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 9 واٹر فلٹریشن پلانٹ بند کر دیے ہیں جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 18 یونٹس کو 2 لاکھ 36 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے حکم پر یہ کارروائیاں ٹھوکر نیازبیگ، ملہنوال، رائیونڈ روڈ اور جوہر ٹائون میں کی گئیں۔ ڈی جی منصور احمد کے مطابق پانی کے سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل ہونے اور ان میں مضر صحت جراثیم پائے جانے پر یہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ فلٹر تبدیلی کا ریکارڈ، ضروری دستاویزات، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس نامکمل پائے گئے جبکہ صفائی کے بھی انتہائی ناقص انتظامات تھے۔ مزید برآں، ڈی جی منصور احمد نے کہا کہ غیر معیاری پانی کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔


